لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) تھانہ ولید کی حدود بے نظیر کالونی میں دو ہفتے قبل مبینہ ڈکیتی کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے محنت کش دلبر اوڈھ کراچی سول اسپتال میں دم توڑ گیا جس کی لاش بذریعہ ایمبولینس لاڑکانہ پہنچادی گئی، جہاں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال سے لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا نے لاش ایس ایس پی چوک پر رکھ پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی۔ اس موقع پر متوفی محنت کش کے بھائیوں معشوق، دیدار اوڈھ و دیگر نے بتایا کہ دو ہفتے قبل 21 جنوری کو بھائی پیسے لے کر اپنی دکان پر جارہا تھا کہ بے نظیر کالونی میں موٹر سائیکل سوار تین مسلح افراد نے ان سے 60 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی، مزاحمت پر بھائی کو گولیاں مارکر شدید زخمی کردیا جو گزشتہ جمعے دوپہر کے وقت کراچی سول اسپتال میں دم توڑ گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس سے قبل بھی بھائی سے انہی مسلح افراد نے پیسے چھیننے کی کوشش کی، واقعے کا مقدمہ حد کے تھانہ کنگا پر درج کرایا گیا تاہم ملزمان کیخلاف بروقت کارروائی نہ ہونے پر دوبارہ انہی ملزمان نے زخمی کردیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھائی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف دیاجائے۔