دادو، سانحہ میہڑ میں تین افراد کے قتل کیس کی سماعت

150

دادو (نمائندہ جسارت) ماڈل کورٹ میں سانحہ میہڑ ام رباب چانڈیو کے تین اہلخانہ کے قتل کیس کی سماعت ہوئی، مدعی ام رباب چانڈیو اور کیس میں ملزم فریق کے ضمانت پر آزاد رکن سندھ اسمبلی سردار چانڈیو، برہان چانڈیو پیش ہوئے جبکہ پولیس نے کیس میں گرفتار ملزمان سکندر، علی گوہر اور ذوالفقار چانڈیو کو بھی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران ام رباب چانڈیو اور سردار چانڈیو کے وکلا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ عدالت نے مدعی اور فریق کے وکلا میں سخت جملوں کے تبادلے پر کیس کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی۔ ادھر عدالتی احاطے میں ام رباب چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے نوٹس لیا اور حکم دیا کہ کیس کا فیصلہ جلد کیا جائے مگر ملزمان کیس نہیں چلانا چاہتے۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کیس سندھ ہائی کورٹ میں منتقل کیا جائے۔ واضح رہے کہ دادو کی تحصیل میہڑ میں ام رباب چانڈیو کے دادا یوسی چیئرمین کرم اللہ اور ان کے دو بیٹوں مختار اور قابل چانڈیو کو 17 جنوری 2018ء کو قتل کیا گیا تھا۔