اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ5اگست2019ء کے بعد جموں وکشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ نے3 اجلاس منعقدکیے،اوآئی سی کی طرف سے بھارت کو متحدہ سیاسی پیغام دینا انتہائی ناگزیر ہے۔گزشتہ روز نیویارک میں منعقدہ جموں وکشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ کے سفرا اجلاس سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ رابطہ گروپ کی نیویارک شاخ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت دیگر فورمز پر اجاگرکرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے،میں جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے یک جہتی میں امت مسلمہ کی مشترکہ موثر آواز تشکیل دینے میں برادر ممالک آذربائیجان، نائیجریا، سعودی عرب اور ترکی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔