کشمیری عوام پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں،سید مردان شاہ

361

بدین (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی ضلع بدین کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بدین ،گولارچی ،ٹنڈوباگو اور ماتلی میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلی سے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ، نائب امرا سید داود شاہ گیلانی، اللہ بچایو ہالیپوٹہ،َ عبدالکریم بلیدی، عبداللطیف کھوسہ اور موسیٰ ملاح ودیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔تفصیلات کے مطابق بدین ضلع میں جماعت اسلامی کے تحت مختلف شہروں میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف اور مظلوم کشمیری مجاہدین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے مسجد اقصی کھوسکی روڈ سے بدین پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے جو انسانوں کے ساتھ ظلم و جبر کی انتہا ہے کشمیر میں ظلم کا بازار گرم ہے جس اقوام متحدہ کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ علی مردان شاہ نے مزید کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں ان شا ء اللہ ایک دن کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا، آزادی کشمیر کی منزل قریب ہوچکی ہے آزادی کشمیر کا سورج جلد طلوعِ ہوگا بھارت اپنی شکست سے دوچار ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کاحصہ ہے اور رہے گا۔ اس موقع پر نائب امرا سید دائود شاہ گیلانی، اللہ بچایو ہالیپوٹہ،َ غلام رسول احمدانی ،عبدالکریم بلیدی ،عبداللطیف کھوسہ، موسیٰ ملاح، فتح خان اورایازلطیف و دیگر ذمے داران نے بھی خطاب کیا۔