احسن اقبال کے یوم یکجہتی کشمیر پر عمران خان سے متعددسوالات

177

اسلام آباد ( آن لائن )ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعظم عمران خان سے 12 سوالات کے جواب مانگ لیے ۔ احسن اقبال نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے یومِ یکجہتی کشمیر کے دن کشمیر پر پارلیمان کے اتحاد کا پیغام دینے کے بجائے متنازع قا نو ن سا ز ی لا کر قومی اسمبلی میں کیوں طوفان بدتمیزی مچایا اور لڑائی سے ماحول خراب کیا ؟ ۔کوئی بھی محب وطن پاکستانی کشمیر فروشی اور اس نااہلی پر چپ نہیں رہ سکتا۔ یہ ہمارے ضمیر، کشمیریوں اور ملک کے ساتھ زیادتی ہے، ہمیں اس پر لازماً بولنا ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت کشمیر پر یا تو بہت بڑی ناکامی اور مجرمانہ نااہلی کی ذمے دار ہے یا پھر اس نے کشمیر فروشی کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو داخلی، معاشی اور سفارتی سطح پر اتنا کمزور کر دیا کہ مودی حکومت کو مقبوضہ جموں کشمیر کو غیر قانونی طور پر ضم کرنے کی ہمت ہوئی۔ 72 سال میں بھارت کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو سکی۔ مودی کے اپنے منشور میں کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کے واضح اعلان کے باوجود عمران خان نے مودی کی انتخابات میں کامیابی کے لیے ٹوئٹ کیوں کیا تھا؟، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کے صدر کی جانب سے 27 مئی 2019 ء کو اس اعلان کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت میں ضم کر دیا جائے گا، عمران خان نے کیا عملی اقدامات کیے ؟،مقبوضہ جموں و کشمیر میںبھارت کے 1 لاکھ 80 ہزار اضافی فوج بھجوانے پر عمران خان نے کیا کیا؟،جولائی 2019ء کو بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے مقبوضہ وادی کو بھارت میں ضم کرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے مقبوضہ خطے کے دورے کا نوٹس لینے میں عمران خان حکومت کیوں ناکام رہی اور اس معاملے میں ہاتھ پر ہاتھ دھر کر کیوں خاموش بیٹھی رہی؟، جولائی 2019ء میں جب قابض بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے سیاحوں کو نکالنا شروع کیا تو عمران خان حکومت نے کیا کیا؟، یہ بھارتی اقدام اس امر کا واضح عکاس تھا کہ کیا ہونے جارہا ہے؟۔ عمران خان نے صدر ٹرمپ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کے عزائم کے بارے میں کیا بتایا؟، محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے اس بارے میں یا تو سرے سے کوئی بات ہی نہیں کی یا پھر ایک کمزور کیس پیش کیا یا پھر کسی ڈیل کا حصہ بن گئے؟،5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد عمران خان اور وزیر خارجہ نے فعال، موثر اور عملی خارجہ پالیسی کی راہ کیوں اختیار نہیں کی؟، کیوں عمران خان نے اس معاملے پر حمایت حاصل کرنے کے لیے کسی ایک بھی دوست ملک کا دورہ نہیں کیا؟ ۔ عمران خان حکومت نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر میں انفارمیشن بلیک آؤٹ اور کرفیو ختم کرانے کے لیے دنیا کے اہم دارلحکومتوں بالخصوص سلامتی کونسل کے رکن ممالک میں پاکستان کے خصوصی ایلچی کیوں نہیں بھیجے ؟، قومی اسمبلی کی قرارداد کے باوجود جموں کشمیر پر او آئی سی کا خصوصی سربراہی اجلاس بلانے کی درخواست اور اس ضمن میں لابنگ کیوں نہیں کی گئی؟ ۔ 2019 ء میں کشمیر پر پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد منظور ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر ہی حکومت نے مریم نواز شریف کو گرفتار کر کے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنا کیوں ضروری سمجھا؟، جب وہ کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے مظفرآباد جا رہی تھیں۔