ڈیلی میل کیس‘ لندن عدالت کا شہباز شریف کے حق میں فیصلہ

343

لندن/ لاہور (آئی این پی/ نمائندہ جسارت) ن لیگ کے صدر، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف دائر کیے گئے ہتک عزت کیس میں لندن عدالت نے شہباز شریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ جسٹس میتھیو نکلین نے قرار دیا کہ اخبار کے مضمون میں لکھے گئے الفاظ شہباز شریف کی ہتک کا باعث تھے۔ لندن میں شہباز شریف کے صحافی ڈیوڈ روز اور برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی سماعت ہوئی۔ جسٹس نکلین نے کہا کہ مضمون میں کہا گیا منی لانڈرنگ ہوئی ہے‘ متاثرین میں برطانوی ٹیکس دہندگان بھی شامل ہیں‘ شہباز شریف اور علی عمران کرپشن سے مستفید ہوئے‘ شہبازشریف منی لانڈرنگ سے بھی مستفید ہوئے‘ مضمون میں شہباز شریف کو یوکے ڈیفڈ کا پوسٹر بوائے کہا گیا۔ ڈیلی میل کے وکلا نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات بہت محدود اور مفروضوں پر مبنی تھے‘ شہبازشریف لاہور میں محل جیسے گھر میں رہتے ہیں۔ میل کے وکلا نے تسلیم کیا کہ شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کا کوئی الزام نہیں۔ دوسری مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈیلی میل ہتک عزت کیس میں فیصلہ آنے کے بعد شہبازشریف کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن کی عدالت کا فیصلہ شہبازشریف کی بے گناہی اور عمران صاحب کے مصدقہ جھوٹے ہونے کی گواہی ہے‘ عمران صاحب اور کرائے کے ترجمان معافی مانگیں‘ شہزاد اکبر نے جو کاغذ لہرائے تھے وہ لندن کی عدالت میں کیوں پیش نہیں کیے؟۔