پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبے سے منا یا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب شیڈول کی گئی ہیں جن میں صدر پاکستان عارف علوی آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کوٹلی میں اجتماع سے خطاب کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی جس میں پاکستانی قوم نہتے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرنے کے ساتھ ساتھ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور مختلف اجتماعات میں کشمیر کی آزادی اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
واضح رہے کہ 31 برس سے قوم یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے جس کا مقصد کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سارا ہے۔