نواب شاہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شہید بینظیر آباد رینج مظہر نواز شیخ کی زیر صدارت رینج میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی شہید بینظیرآباد تنویر حسین تنیو، ایس ایس پی سانگھڑ عثمان غنی صدیقی اور ایس ایس پی نوشہرو فیروز الطاف حسین لغاری نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ نے کہا کہ رینج میں سیکورٹی انتظامات اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں سنیارٹی کی بنیاد پر رینج کے (03) ڈرائیور ہیڈ کانسٹیبل کو اے ایس آئیز(MTO) کے عہدوں پر ترقی دی گئی جبکہ 19 جنوری کوڈی پی سی کے تحت ترقی پانے والے سب انسپکٹر اور اے ایس آئیز کی اسٹار ویئرنگ سریمنی کا بھی انعقاد کیا گیا۔ بعد ازاں پولیس ویلفیئر کمیٹی کا بھی اجلاس ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولس افسران و جوانوں کی (06) بیوائوں کو تجہیز و تدفین کی مد میں مجموعی طور پر 3 لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔ اس کے علاوہ (31) ریٹائرڈ ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹ، فنڈ کی مد میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 22 ہزار روپے کے چیک دیے گئے اور شہید ملازمین کی (13) بچیوں کو جہیز کی مد میں مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے کے چیک دیے گئے، ٹوٹل 19 لاکھ 22 ہزار روپے پولیس ویلفیئر فنڈ کے تحت دیے گئے۔