لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ڈٹرجنٹ پائوڈر ملا جعلی دودھ برآمد کرکے دکانداروں پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ ڈٹرجنٹ پائوڈر ملا جعلی دودھ سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف ڈیری سیل کردی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی عائشہ جونیجو نے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے باقرانی روڈ پر قائم ایک ڈیری کی دکان پر کارروائی، ٹیسٹنگ کے دوران فروخت کیے جانے دودھ میں ڈٹرجنٹ پائوڈر پایا گیا دودھ معصوم بچوں کے لیے مہلکثابت ہوسکتا ہے۔ کیمیکل ملے دودھ کے استعمال سے خطرناک بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چند عناصر منافع خوری کی خاطر انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ عوامی شکایات پر بھی سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کارروائیاں کرتی ہے۔ شہری اشیاء خورونوش میں ملاوٹ کی نشاندہی کرسکتے ہیں۔ کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے ڈیری مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیمیں متواتر طور پر انسپیکشن کرتی رہیں گی، دوبارہ ملاوٹ ملی تو ڈیری سیل کردی جائے گی۔