راولپنڈی ٹیسٹ سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ

854

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی شیڈول ٹیسٹ میچز کی وجہ سے راولپنڈی شہر کے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی اور ٹریفک کی بندش اور جڑواں شہروں میں سفر کے لئے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میٹرو بس سروس کو بند کرنے سے ہزاروں کی تعدا د میں سفر کرنے والے مسافروں، طالب علموں اور شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چار فروری کو راولپنڈی میں شیڈول میچز کے مقررہ روٹ پلان کو تبدیل کردیا ہے اور صبع 7بجکر 20 منٹ پر دونوں کرکٹ ٹیموں کو گرائونڈ پہنچا دیا گیا۔ اس دوران شمس آباد سے فیض آباد تک روڈ کو دنوں طرف سے بلاک کردیا اور 8 بجے ٹیمیں گرائونڈ میں پہنچ گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب شہریوں کی آسانی کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم کو شہر سے باہر نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ائر پورٹ کے پاس منتقل کردیں تاکہ شہریوں سکھ کا سانس لے سکیں، کرکٹ ملک کا مقبول ترین کھیل ہے ایک غیر ملکی ٹیم کے پاکستان کے آنے سے شہریوں کی زندگی مفلوج ہوجاتی سیکورٹی کے نام پر روڈز کو بند کردیا جاتا ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے راولپنڈی بین القوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرکے شہریوں پر بہت بڑا احسان کیا تھا لیکن اب شہر کی آبادی بڑھ گئی ہے۔کیا ایک میچ کے لیے عوام کی عزت نفس کا مذاق اڑنا درست نہیں ہے روڈز کی بندش سے شہری سارا دن خوار ہوجاتے ہیں شہر سے باہر کرکٹ اسٹیڈیم منتقل کردیا جائے۔