راولپنڈی (سید وزیرعلی قادری)پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام ہو گئی،22رنز پر پاکستان کی 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو سنبھالا دیا،پہلے دن بارش کی وجہ سے صرف 58اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا جن میںپاکستان نے 3وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز اسکور کرلیے ہیں ،پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر کپتان بابر اعظم 77اور فواد عالم 42رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے123رنز کی پارٹنر شپ ہو چکی ہے۔ جمعرات کو پندی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت پر بیٹنگ کا انتخاب کیا۔تاہم ٹاس جیت کر بیٹنگ کا یہ فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا اور 21رنز کے مجموعی اسکور پر عمران بٹ 15رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے جس کے فوری بعد بغیر کوئی رنز بنائے اظہر علی بھی پویلین لوٹ گئے۔اظہر علی کے آئوٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کو سہارا دینے کے لیے بابر اعظم آئے تاہم دوسرے اینڈ پر موجود اوپنر عابد علی ان کا ساتھ نہیں دے سکے اور مجموعی اسکور میں صرف ایک رنز کے اضافے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ 22 رنز پر 3وکٹیں کھو دینے کے بعد کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے قومی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور کھانے کے وقفے تک 29اوورز تک ٹیم کا اسکور 63تک پہنچا دیا۔کھانے کے وقفے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو ان دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کرلی۔پہلے دن کا کھیل میں بابر اعظم اور فواد عالم نے قومی ٹیم کا اسکور 145رنز 3کھلاڑی آئوٹ تک پہنچایا ہی تھا کہ بارش نے میچ میں خلل ڈال دیا جس کی وجہ سے کھیل روکنا پڑ گیا۔بارش رکنے کے بعد گرائونڈ گیلا ہونے کی وجہ سے میچ شروع نہ ہو سکا اور پہلے دن کا کھیل ختم کر دیا گیا۔بارش کی وجہ سے صرف58اوورز کا ہی کھیل ممکن ہو سکا، پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر کپتان بابر اعظم 77اور فواد عالم 42رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے123رنز کی پارٹنر شپ ہو چکی ہے۔