گوجرانوالہ: پولیس افسران کے تبادلے کیخلاف الیکشن کمیشن کا آئی جی کو خط

145

اسلام آباد (صباح نیوز) گوجرانوالہ میں ضمنی انتخاب کے باوجود پولیس افسران کے تبادلے جاری، آئی جی پنجاب انعام غنی نے ایس پی صدر کے بعد ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر رضوان کو بھی تبدیل کر دیا، الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کو خط لکھ دیا جس میں تبادلے منسوخ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تبادلے اور تعیناتی الیکشن کمیشن آرڈر کی خلاف ورزی ہیں۔ گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی 51 میں 19 فروری کو ضمنی انتخاب ہونا ہے جس کے باعث الیکشن کمیشن نے ضلع بھر میں تبادلوں اور نئی تعیناتیوں پر پابندی عاید کر رکھی ہے، پابندی کے باوجود آئی جی پنجاب نے پہلے 26 جنوری کو ایس پی صدر کو تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور اب ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر رضوان کی جگہ عبدالرؤف بابر کو تعینات کرکے انہیں ایس ایس پی آپریشن کا اضافی چارج بھی دیدیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کو خط میں کہا ہے کہ ایس پی صدر کا تبادلہ منسوخ کرنے کیلیے کہا گیا تھا لیکن پہلا تبادلہ منسوخ کرنے کے بجائے نئے تبادلے کر دیے گئے ہیں، تبادلے اور تعیناتی الیکشن کمیشن آرڈر اور ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہیں تبادلوں سے شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔ پولیس افسران کے تبادلوں پر ن لیگ کے مقامی ایم این اے نثار چیمہ نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تونسہ شریف کے رہائشی ایس ایس پی کو خاص مقصد کیلیے لگایا گیا ہے الیکشن کمیشن کے خط کا متن ان کی بے بسی کا ثبوت ہے۔