لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں ، پاکستانی ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کا ساتھ دینے کے عہد کا اعادہ کر ے۔ قومی اسمبلی ارب پتی لوگوں کا کلب ہے جس میں گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا ۔ ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت پر کبھی ایکشن نہیں لیا گیا۔ وزیراعظم خرید و فرو خت کرنے والوں کو جانتے ہیں تو قوم کو نام بتائیں ۔ وزیراعظم کی تقریریں سن سن کر لوگوں کے کان پک گئے ہیں ۔ بتائیں اب تک قوم کے لیے کیا کیا ۔ ثابت ہوچکاہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم اسٹیٹس کو کے نمائندے ، سب امریکا سے ڈکٹیشن لیتے ہیں ۔ جماعت اسلامی اس سیاسی بریانی کاحصہ نہیں بنے گی۔ عدالتیں اور ادارے طاقتور لوگوں پر ہاتھ نہیں ڈالتے ۔ پاناما لیکس میں جن کے نام آئے ، ان کے خلاف آج تک ایکشن نہیں لیا گیا ۔ مساجد و مدارس کے خلاف پروپیگنڈا ہورہاہے ۔ مغربی این جی اوز ملک کے خاندانی نظام کو برباد کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ ان کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ 10 فروری سے استحکام خاندان مہم چلائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ حکومت اپنی سیاسی موت مرے ان کو سیاسی شہادت کے درجے پر فائز نہیں کرنا چاہتے ۔اگر پی ڈی ایم لانگ مارچ یا دھرنا دینا چاہتی ہے تو اپنی مرضی کرے ۔ جماعت اسلامی پی ڈی ایم یا پی ٹی آئی کی سیاسی مہم جوئی کا حصہ نہیں بنے گی ۔ پی ڈی ایم میں شامل 2 بڑی جماعتیں ماضی میں اقتدار کے مزے لوٹ چکی ہیں اسی طرح پی ٹی آئی بھی گزشتہ ڈھائی سال سے عوام کا استحصال کر رہی ہے ۔ مہنگائی و بے روزگاری کے ڈیرے ہیں ۔ لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک نہیں مل رہا ۔ صحت ، تعلیم کے شعبے تباہ حال ہیں ، اس صورتحال میں عوام پر یہ آشکار ہوچکاہے کہ تینوں بڑی پارٹیاں ان کو دھوکا دے رہی ہیں ، لہٰذا وہ مزید ان پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ۔ حکمرانوں کے بچے بیرون ملک عیاشیاں کرتے ہیں جبکہ غریب کا بچہ فٹ پاتھ پر سوتا اور فیکٹریوں میں مزدوری کرتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ میںارب پتی لوگوں کو غریبوں کے مسائل اور مشکلات کا کبھی ادراک نہیں ہوسکتا ۔ وزیراعظم نے خود اعتراف کرلیاہے کہ وہ عوام کے لیے کچھ نہیں کرسکے۔ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایشیا میں سب سے زیادہ ہیں ۔ حکمرانوں نے بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے احکامات پر کشمیر کا سودا کردیا اب عالمی مالیاتی اداروں کی تابعداری میں پاکستانی عوام پرمسائل کے پہاڑ گرا رہی ہے ۔ ملک کو گروی رکھ دیا گیاہے جس سے اس کی معیشت کے ساتھ ساتھ نظریاتی اساس کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں ۔ مغربی این جی اوز ملک میں سیکولرازم کے فروغ اور خاندانی نظام کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہیں ۔ مدینے کی ریاست کی بات کرنے والوںنے سازشیوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ مدارس اور مساجد کے خلاف پروپیگنڈا مہم جاری ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی استعمار کے ایجنٹوں اور ملک کی نظریاتی اساس کا سودا کرنے والوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ جماعت اسلامی سچ اور ایمانداری کا انقلاب لائے گی ۔ ہماری تبدیلی مصنوعی تبدیلی نہیں ہوگی بلکہ فرد کے ذریعے معاشرے کی تبدیلی ہوگی ، ہماری منزل اسلامی انقلاب ہے ۔