اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا ،حکمران کے ڈرامے اور ناٹک نہیں چلیں گے ۔ الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف نے 18 بینک اکائونٹس چھپائے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے تمام ثبوت الیکشن کمیشن کے سامنے آچکے، وزیراعظم نے کہا اوپن ٹرائل کی حمایت کرتا ہوں، اسکروٹنی کمیٹی میں پی ٹی آئی وکیل کہتے ہیں سب کچھ خفیہ رکھا جائے، یہ صرف ٹی وی پر کردار کشی ہی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ٹیلیفون پر بات چیت کا ڈراما کیا، وزیراعظم نے وہی باتیں کیں جو 3 سال پہلے کنٹینر پر کرتے تھے، پی ٹی آئی ہمارے منصوبے بھی مکمل نہیں کرسکی۔انہوںنے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، مسلم لیگ ن کے منصوبے ادھورے ہوں تو ان کی پڑتال ہوسکتی ہے، مگر پی ٹی آئی کے ادھورے منصوبوں کی نیب پڑتال نہیں کرسکتا۔