کھیلوں سے متعلق جامع منصوبہ آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے ،اسد قیصر

270

اسلام آبا د (اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ہدایت کی ہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے آئندہ اجلاس میں جامع پلان پیش کیا جائے جبکہ وزارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کا شعبہ زوال پذیر ہے وزیراعظم نے کھیلوں کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس بنائی ہے ۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران برجیس طاہر کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم نے بتایا کہ پاکستان میں کھیلوں کا شعبہ زوال پذیر ہے ایشین گیمز دولت مشترکہ گیمز میں ہماری کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی سطح پر اسپورٹس کو بہتر بنانے کی ضرورت تھی۔ ضلعی سطح پر بھرتیاں میرٹ پر نہیں ہوئی کوچز کی بھرتیاں میرٹ سے ہٹ کر کی گئی۔ ہم نے دو سال میں بہت سی چیزوں میں بہتری لائی۔ وزیراعظم نے ٹاسک فورس اور وزیر نے کمیٹی بنائی جو اس کی بہتری کے لیے اقدامات تجویز کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ ہاکی کے معیار کی بہتری کے لئے خصوصی گرانٹس اور ٹریننگ کا اہتمام کرتے ہیں۔ا سپیکر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے آئندہ اجلاس میں جامع پلان پیش کریں ۔ اقبال محمد علی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری صائمہ ندیم نے بتایا کہ عمر اکمل پر پابندی 36 ماہ سے کم کرکے 18 ماہ کردی گئی ہے انہوں نے سینئر کھلاڑی ہونے کے باوجود دو مرتبہ ضابطہ کی خلاف ورزی کی۔2017میں انہیں شوکاز نوٹس دیا گیا۔