کراچی میں جلد ہی پیپلز اسمارٹ بس سروس کے نام سے نئی آن لائن بس چلانے کی تیاری

1125

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) شہر قائد میں روزانہ کی بنیاد پر بسوں میں سفر کرنے والے پریشان حال شہریوں کے لیے ایک بار پھر شہر میں 40 نئی بسیں اسی ماہ چلانے کا دعوی کیا گیا ہے۔ وزارت ٹرانسپورٹ ذرائع کے مطابق 40 بسیں اسی ماہ چلائی جائیں گی۔

چالیس بسیں شہر میں 2 روٹس پر چلائی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق 40 بسوں کے روٹ پر آنے کے بعد بس میں کھڑے ہو کرسفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بسیں نجی شعبے کے تحت چلائی جائیں گی۔

اس حوالے سے پیپلز اسمارٹ بس سروس(پی ایس بی ایس) کے مالک نوید خان نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پہلی بار موبائیل ایپ کے زریعے شہری بسوں میں سفر کریں گے،جسطرح بیرون ممالک میں شہری بسوں میں سفر کرنے کے لیے مہینے بھر کا کارڈ حاصل کرلیتے ہیں اسی طرح کراچی میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم نئی بس سروس شروع کرنے جارہے ہیں۔

اس کے لیے ہم نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے این او سی حا صل کرنے کے لیے درخواست جمع کردی ہے،اب بال سندھ حکومت کے کورٹ میں ہے، فیصلہ سندھ حکومت نے کرنا ہے امید ہے کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اس حوالے سے جلد ہمیں کراچی میں پیپلز اسمارٹ بس سروس چلانے کی اجازت دینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی محنت سے ایپ تیار کیا ہے اس کو باآسانی کراچی کے شہری پلے اسٹور پرجا کر ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔کراچی میں اپنی نوعیت کی پہلی بس سروس متعارف کر نے جارہے ہیں اور سیٹس کی بکنگ موبائل ایپ کے زریعے کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی موبائل ایپ میں تمام روٹس اور راستوں اور علاقوں سے متعلق معلومات فراہم کرے گی، ایپ میں مسافر آسانی کے ساتھ روٹس کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

مسافر اپنی پسند کے وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی آن لائن بس سروس ہے جس کا مقصد کم کرائے پر سفری سہولیات کو سستا کرکے عوام کیلئے پیش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹارگیٹ مارکیٹ متوسط طبقہ ہے۔ ہمیں ان سفر کرنے والے مسافروں کو معیاری سروس فراہم کرنا ہے،کراچی میں بسوں کی صورت حال انتہائی خراب ہے اسی کی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے جو لوگ کراچی میں رہتے تھے اور سفر کرتے ہیں وہ لوگ کراچی کے ٹرانسپورٹ کے مسائل سے با خوبی واقف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر آن لائن سروس کے مقابلے میں ہماری بس سروس کے استعمال سے کراچی کے شہریوں کا ٹرانسپورٹ کا خرچہ کم ہو گا، کراچی میں ایک مقام سے دوسرے مقام تک جانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا بہت بڑا مسئلہ ہے،۔

پیپلز اسمارٹ بس سروس(پی ایس بی ایس) کے نام سے آنے کا مقصد کراچی کے شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ کے مسائل میں کمی لانا ہیں تاکہ آسانی کے ساتھ کراچی کے شہری اپنے منزل تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری چلنے والی بسوں کے حوالے سے مسافر آسانی کے ساتھ موبائل ایپ کے زریعے ٹریک بھی کر سکتے ہیں ہم نے موبائل ایپ کو ڈیزائن اس طرح کیا ہے جس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے۔

ہماری ایپ کے ذر یعے مسافر اپنی بس کو دیکھ سکتے ہیں بس کانمبر،بس کے روٹس،بس کے روانہ ہو نے سے قبل ایک میسج کے زریعے مسافر کو اطلا ع فراہم کی جائے گی کہ بس کب روانہ ہو رہی ہے اور کتنے دیر میں وہ آپ کے متعلقہ بس اسٹاپ پر پہنچ جائے گی۔

ابتدائی طورپر ہم شاہ فیصل، شارع فیصل، کورنگی اور داود چورنگی تا ٹاور 2 روٹ ہوں گے۔ آن لائن بکنگ یابس خالی ہونے پر براہ راست سفر بھی ہوسکے گااور بتدریج بسوں کی تعداد اور روٹ بڑھایے جاییں گے۔