لاڑکانہ، 7 ملزمان گرفتار، 4 موٹر سائیکلیں اور منشیات برآمد

214

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے مختلف مقامات پر جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے 4 موٹر سائیکلیں اور منشیات برآمد کرلی۔ نوڈیرو پولیس نے تھانہ ماہوٹا، تھانہ کیٹی ممتاز اور تھانہ نوڈیرو پر سنگین مقدمات میں اشتہاری ملزم یاسین ناریجو کو، دڑی پولیس نے روپوش ملزم امید علی میرانی کو، ایس ایچ او وومین لیڈی انسپکٹر رحمت عباسی نے سول اسپتال روڈ سے چار مطلوب ملزمان بشیر، شبیر، امین اور راشد کو، لاشاری پولیس نے کورکانی لاڑو کے قریب منشیات فروش راجہ شاہانی کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب حیدری پولیس نے شہری امجد کی مسروقہ موٹر سائیکل جبکہ نوڈیرو پولیس نے تین مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ کی قیادت میں لاڑکانہ پولیس نے رواں سال کے پہلے مہینے جنوری 2021ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی مسعود احمد بنگش کا کہنا ہے کہ ماہ جنوری کے دوران 35 پولیس مقابلوں کے دوران تین ڈاکو مارے گئے جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا۔ پولیس کارروائیوں میں چار گروہ کے 352 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 261 روپوش اور 81 اشتہاری ملزمان شامل ہیں جن کے قبضے سے دو کلاشنکوف، بارہ پستول، چھے ریوالور، تین بندوقیں اور بڑی تعداد میں گولیاں اور کارتوسوں سمیت 26 کلو چرس، 46 کلو بھنگ، 143 شراب کی بوتلیں، افیم، ہیروئن، کار اور 25 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی ہیں۔ اسی دوران فرائض نبھاتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کو ناپاک عزائم میں ناکام کرتے ہوئے اہلکار عاشق علی پھل زخمی ہوئے۔