وفاق اور صوبے میں گوادر شپ یارڈ معاہدہ طے پاگیا

204

کوئٹہ( نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ آج کا دن تاریخی اور خوشحالی کا ہے جس میں ہم اپنے ملک اور صوبے کی بہتر مستقبل کے لئے ایک اہم منصوبہ شروع کرنے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر شپ یارڈ کے حوالے سے وفاق اور صوبہ بلوچستان کے درمیان معاہدہ طے پانے پر دستاویزی یادداشت پر دستخط کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔یادداشت پر ڈپٹی سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار اور صوبائی سیکرٹری
صنعت نے دستخط کیے۔وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا کہ شپ یارڈ کی صنعت صوبہ بلوچستان کی ریونیو میںخاطرخواہ اضافہ کرے گی اور اس اہم منصوبے سے نوجوانوں کو خصوصی تربیت اور روزگار کے کافی مواقع فراہم ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے بعد گوادر میں شپ یارڈ بنانے جارہے ہیں جس میں جدید بحری جہازوں کی تیاری ہوگی اور بڑے جہازوں کی مرمت کا بھی بندوبست ہوگا اور یہ شپ یارڈ کراچی سے بڑا اور جدید خطوط پر استوار ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی موجود تھے۔ جام کمال خان نے کہا کہ گوادر شپ یارڈ ملک اور صوبے کے حوالے سے ملکی معیشت کو اجاگر کرنے کا تاریخی منصوبہ ہے ‘بلوچستان میں روزگار کے مواقع ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت کم ہیں۔ گوادر شپ یارڈ جیسا منصوبہ روزگار کے ساتھ گوادر کی ترقی کا ذریعہ بھی بنے گا۔ اس سلسلے میں پہلی ترجیح بلوچستان کے عوام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے اہداف مقررہ وقت میں طے کریں۔