لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت نے شہباز شریف و خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زاید اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 10 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف کو دوران سماعت سیاسی گفتگو کرنے سے پرہیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف کے وکلا کو نیب گواہ پر جرح مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ منگل کوعدالتی سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سیکورٹی حصار میں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ شہباز شریف نے کرپشن کے حوالے سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں کرپشن نیچے آئی، قیامت تک بھی میرے خلاف یہ ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے، میاں نواز شریف نے امانت، دیانت اور شرافت سے کام کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وقت ضائع نہ کریں، سیاسی گفتگو میڈیا سے کی جائے کمرہ عدالت میں نہیں۔ عدالت نے اس ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز ، سلیمان شہباز ، رابعہ عمران اور ہارون یوسف کا کیس دیگر ملزمان سے الگ کر دیا ہے جبکہ مسلسل عدم پیشی پر نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیا ہے۔