اثاثہ جات، منی لانڈرنگ، حمزہ شہباز کی ضمانت کیلیے درخواست

152

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ حمزہ شہباز پر کک بیک کمیشن یا کرپشن کے متعلق کوئی شہادت نہیں اور منی لانڈرنگ کا بھی ثبوت نہیں، دستور پاکستان کے تحت جرم ثابت ہونے تک ہر شخص بے قصور ہوتا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے حمزہ شہباز کو 11 جون 2019ء کو گرفتار کیا، گرفتاری کے 14 ماہ بعد ریفرنس اور 16 ماہ بعد فرد جرم عاید کی گئی، 110 گواہوں میں سے صرف 5 پر جرح مکمل ہوئی ہے، نیب کے آمدن سے زائد اثاثہ جات میں 16 ملزمان شامل ہیں جس میں 11 کا ٹراِئل ہورہا ہے، تمام ملزمان کے اپنے اپنے وکلا ہیں جس کی وجہ سے ٹرائل جلد ختم ہونے کا امکان نہیں، کسی ملزم کو عرصہ دراز تک گرفتار رکھنا ٹرائل سے پہلے سزا دینے کے مترادف ہے، عدالت حمزہ شہباز کی میرٹ اور ہارڈشپ بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔