فیصل آباد میں سہیلی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے اور خود زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کرنے والی لڑکی اور اس کے بھائی سمیت 4 افراد کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ساہیانوالہ کے نواحی گاؤں لاہوریاں میں 22 سالہ ملزمہ نبیلہ نے اپنی سہیلی مقدس کے گھر جا کر پسٹل سے فائرنگ کر کے اسے قتل اور ایک خاتون شازیہ (بھتیجی) کو زخمی کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق 22 سالہ ملزمہ نبیلہ نے فائرنگ کے بعد خود بھی زہریلی گولیاں نگل لیں جبکہ پولیس حراست میں اسپتال پہنچنے پر دم توڑ دیا جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقتولہ مقدس کے اہلِ خانہ نے پولیس کو بتایا کہ مقدس کا رشتہ طے ہو جانے کے بعد ملزمہ کو گھر آنے سے منع کیا گیا تھا جس پر وہ غصے میں آگ بگولہ ہو کر 2 پسٹلز لے کر ان کے گھر حملہ آور ہوئی۔
پولیس نے مقتولہ مقدس کے بھائی کی مدعیت میں خودکشی کرنے والی نبیلہ اور اس کے بھائی احسان علی سمیت 4 افراد کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل سمیت 4 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ سے برآمد ہونے والے 2 پسٹلز کے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں کہ وہ اس نے کہاں سے حاصل کیے تھے۔
دوسری جانب فیصل آباد کے تھانہ صدر سمندری کی حدود میں بدبخت باپ نے مبینہ طور پر 17 سالہ بیٹی سے زیادتی کی ہے جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کاکہنا ہےکہ ملزم تین ماہ سے بیٹی کو درندگی کا نشانہ بنارہا تھا اور ملزم کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دئیے گیے بیان میں بتایا ہےکہ ملزم نشہ آور چائے پلا کر اہلخانہ کو سلا دیتا تھا اور اس کے بعد بدفعلی کرتا تھا۔