دادو (نمائندہ جسارت) عوامی سہولیات کے خاطر ضلع دادو کے پسماندہ گوٹھوں میں سڑکوں کی فراہمی کی خاطر شروع کیے گئے سکسیس پروجیکٹ کے تحت اسکیم مکمل ہونے کی افتتاحی تقریب میں خواتین اور مردوں کی بھرپور شرکت۔ سماجی تنظیم تھردیپ کی جانب سے ترقیاتی پروگرام سکسیس پروجیکٹ کے تحت یونین کونسل مراد آباد کے گاؤں پیر آتھیلو نواب میں سڑک کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر دادو سمع اللہ شیخ نے تقریب میں مہمان خاص کے طور پر شرکت کی اور 15 سو فٹ کی دراز سڑک کا افتتاح کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر دادو نے ایک پودا بھی لگایا جبکہ افتتاحی تقریب میں یونین کونسل مراد آباد کے مختلف گاؤں کے مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سمع اللہ شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سماجی تنظیم تھردیپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے عوامی سہولیات کے خاطر مختلف گاؤں میں ترقیاتی کاموں کی اسکیمیں شروع کی ہیں، جس سے دیہات میں بسنے والے لوگ با آسانی شہروں تک پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی تنظیم تھردیپ نے ہمیشہ غریب لوگوں کی مدد کر کے لوگوں کا ساتھ دیا ہے جب بھی غریب اور دکھی لوگوں پر مشکل وقت آتا ہے تو تھردیب ہمیشہ کی طرح ان کی مدد کرتی ہے جبکہ تھردیپ سکسیس پروگرام ضلع دادو کے رہنما غلام اکبر کھوسو، جئے پرکاش، ہمیرا شیخ، ثنا پنہور، حارث بھرگڑی سمیت دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی تنظیم اپنے بنیادی مقاصد کے حصول کے تحت غریب اور ضرورت مند لوگوں کی مدد اور بنیادی مسائل کے حل پر کام کررہے ہیں، امید کرتے ہیں کہ لوگوں کی زندگی میں بنیادی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف گاؤں کے مرد اور خواتین کو مختلف اقسام کی اسکلز ٹریننگ بھی کرائی جارہی ہیں، جن کے تجربے سے وہ اپنا گزر بسر کرسکیں گے۔