پشتون دہشت گرد ہیں نہ کبھی مادروطن کا سودا کیا،محمو اچکزئی

305

کوئٹہ (آن لائن )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہاہے کہ پشتون دہشت گرد نہیں اور نا ہی اس قوم نے کبھی اپنے مادر وطن کا سودا کیاہے ، درپیش مسائل کے حل کیلیے پاکستان اور افغانستان میں جرگے وقت کی اہم ضرورت ہے ،افغانستان میں لڑی جانے والی جنگ سے ہمارے وطن کی بنیادیں ہل گئیں ،دنیا ہماری مقروض ہے اس وطن پر جاری جنگ کا راستہ نہ روکا گیا تو اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمدہونگے ،پشتونوں کو قاتل کاالزام دینے کا پروپیگنڈہ انتہائی خطرناک جس کا مقابلہ شعور سے ہی ممکن ہے ،ہمیں اپنے اندر اچھے اور برے کی تمیز ،ظالم اور مظلوم کا فرق معلوم کرنے جیسی خصوصیات پیدا کرنی ہوگی بصورت دیگر پشتون قوم قطعاََ ترقی نہیں کرسکتی ،ہم ہرقوم کے مذہب، لباس ودیگر کااحترام کرتے ہیں ہمارے مذہب ،لباس ،ثقافت کااحترام کیاجائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشین میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عبدالرحیم زیارتوال ،عبدالقہار ودان ودیگر بھی موجود تھے ۔محمود خان اچکزئی نے کہاکہ آج پشتون اولس گزشتہ چالیس سال سے انتہائی بدترحالات میں زندگی گزار رہے ہیں ،جنگوں کے اپنے اثرات اور نتائج ہوتے ہیں پشتونخوا وطن کا ایسا جغرافیہ ہے جہاں دنیا سے جب لوگ برصغیر آتے تو اسی سرزمین سے گزرتے اور مجبوراََ اس قوم کو بھی اپنی دفاع کیلیے کچھ کرناہوتا تھا ایسی صورتحال میں اس قوم کا ہر شخص ایک سپاہی بن گیا ، اگر پشتونخواملی عوامی پارٹی یا اس کے کچھ ساتھی یہ چاہتے ہیں کہ اس قوم کو ان مشکلات ومسائل سے نجات دلانا ہے تو اس کیلیے ہمیں اپنی طرف سے ہرممکن جدوجہد کرناہوگی ،اگر ہم اپنے اندر اچھے اور برے کی تمیز ،ظالم اور مظلوم کا فرق نہیں کرسکتے تو ہمیں قطعاََ اس قوم کو آگے نہیں لے جاسکتے ۔