سیالکوٹ: ن لیگ کے سابق میئر کی غیر قانونی عمارت مسمار

299

سیالکوٹ (صباح نیوز) سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن، ن لیگ کے سابق میئر توحید اختر کی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں غیرقانونی عمارت کو گرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے خلاف کارروائی کے دوران قبرستان اور پارک کی زمین پر تعمیر غیر قانونی 3 منزلہ کمیونٹی سینٹر کو گرادیا گیا۔ آپریشن سیالکوٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی منظوری کے بعد شروع کیا گیا، جس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھی شریک ہوئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق مئیر توحید اختر نے کہا کہ خواجہ آصف کے بیٹے ہائوسنگ سوسائٹی میں 20 فیصد کے شیئر ہولڈر ہیں، اسی لیے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ انتظامیہ نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹی میں پارک اور قبرستان کی کروڑوں کی زمین پر تجاوزات قائم تھے۔ کارروائی میں 12 مرلہ پر قائم 3 منزلہ عمارت کو گرایا گیا۔ آپریشن کے دوران پولیس اور ن لیگ کے کارکنوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔