نوشہرہ: وفاقی وزیرِ دفاع پرویز خان خٹک کا کہنا تھا کہ میں نہ چاہوں تو عمران خان کی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی، عمران خان کے مجھ پر بہت احسانات ہیں، اس لیے تن من دھن سے ان کے ساتھ ہوں۔
نوشہرہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ دفاع پرویز خٹک کا کہناتھا کہ جس کا ساتھ دیتا ہوں وہ آسمان پر پہنچ جاتا ہے اور جس کا ساتھ چھوڑ دوں وہ صفر ہوجاتا ہے۔
وفاقی وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، پی ڈی ایم کا مصنوعی اتحاد اپنی کرپشن اور چوری بچانے کے لیے تھا۔
پرویز خٹک کا کہناتھا کہ اپوزیشن میری عزت کرتی ہے، اس لیے میں بھی ارکانِ اسمبلی کا خیال رکھتاہوں جبکہ مجھے سیاست میں کوئی دھوکا نہیں دے سکتا۔
پرویز خٹک کاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سربراہان نے ماضی کی حکومتوں میں عوام کا پیسہ چوری کیا اور اب اُس چوری پر پردہ ڈالنے کے لیے کرپٹ ٹولہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شدید اختلافات پیدا ہو چکے ہیں اور بہت جلد ان کا مصنوعی اتحاد اپنے انجام کو پہنچ جائے گا جبکہ میں نہ چاہوں تو عمران خان کی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی، عمران خان کے مجھ پر بہت احسانات ہیں۔
وفاقی وزیرِ دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی کے ذمے دار سابقہ حکومتوں کے حکمران ہیں جن کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج پاکستان قرضو ں میں ڈوبا ہوا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ دفاع پرویز خان خٹک کا کہنا تھا کہ میرے آبائی گاؤں مانکی شریف میں اب تک کسی نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا، میں اپنے حلقے کے ہر ایک بندے کے ساتھ ہوں اور میری محنت کا نتیجہ ہے کہ جس کی وجہ سے میں پورے پاکستان کے ساتھ مقابلہ کررہا ہوں۔