لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں آوارہ کتوں نے 5 بچوں اور ایک خاتون سمیت 11 افراد پر حملہ کرکے انہیں لہولہان کردیا، جن میں 6 سالہ گدا حسین، شاہنواز، 8 سالہ ملوک، 10 سالہ سہانہ بی بی، اظہر علی، 12 سالہ انمول بی بی، 13 سالہ وحید، 47 سالہ مبارک، 50 سالہ جاوید، 51 سالہ نظام الدین اور 60 سالہ شعبان شامل ہیں جنہیں ورثا کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات میں قائم اینٹی ربیز ویکسین سینٹر منتقل کیا گیا جہاں تمام زخمیوں کو ویکسین اور علاج فراہم کرکے گھر بھیج دیا گیا۔ ڈوکری کے قریب کیڈٹ کالج روڈ پر تیز رفتار کار الٹ گئی، نتیجے میں شہر کے الہٰ آباد کے رہائشی کار سوار تین بھائی حفیظ سولنگی، صمد سولنگی اور امین سولنگی سمیت ان کے دوست ریاض بروہی شدید زخمی ہوئے، جنہیں آسپاس کے لوگوں نے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے حفیظ سولنگی دم توڑ گیا، تاہم زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ زخمیوں کے مطابق وہ کام کے سلسلے میں اپنی گاڑی پر ڈوکری شہر جارہے تھے کہ کیڈٹ کالج روڈ پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔ دوسری جانب متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر ماحول سوگوار ہوگیا۔