دادو، بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، کاروبار بری طرح متاثر

226

دادو (نمائندہ جسارت) بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ، شہری اور کاروباری افراد اذیت میں مبتلا ہوگئے، کاروبار بری طرح متاثر۔ دادو شہر میں موسم سرما میں بھی بجلی کی اٹھارہ گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ نہیں رک سکا، موندر ناکہ، عزیز آباد، نیوچوک، ورکشاپ محلہ، مزدور آباد سمیت دیگر علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں بجلی غائب رہنا روز کا معمول بن گیا ہے، بجلی کی بندش سے بجلی پر چلنے والا کاروبار ٹھپ جبکہ گھروں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے لگی ہے۔ سیپکو دادو کے عملداروں کی جانب سے شہر بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی اٹھارہ گھنٹے تک پہنچا دیا ہے۔ شہریوں عامر علی، ریاض احمد، نجم الدین، محمد علی اور دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ سیپکو ہزاروں روپے کے بھاری بل وصول کرنے کے بعد بھی بجلی فراہم نہیں کررہی۔ انہوں نے سیپکو چیف سکھر سمیت واپڈا حکام سے نوٹس لینے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔