واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازع کو پہلی فرصت میں حل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مبہم اور مشکوک نوعیت کی جوہری سرگرمیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے زیر اہتمام آن لائن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جیک سلیوان نے کہا کہ ہمارے نقطہ نظر سے فوری اور پہلی ترجیح کے طور پر حل ہونے والے مسائل میں ایک ایران کا جوہری پروگرام ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی وائٹ ہاؤس نے ایران پر زور دیا تھا کہ وہ 2015ء کو گروپ فائیو پلس ون کے ساتھ طے پائے معاہدے کی شرائط کی سختی سے پابندی کرے۔ دوسری جانب فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ متنازع جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات میں سعودی عرب کو بھی شامل کیا جائے گا۔ عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات بہت سخت ہوں گے، اسی لیے اس میں سعودی عرب سمیت دیگر اتحادیوں کو شامل کیا جائے گا۔