بلاول زرداری وزیر اعظم بن کر عوامی مسائل کو حل کریں گے

178

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) ملک سے مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ صرف پیپلز پارٹی ہی کرسکتی ہے، بلاول زرداری وزیر اعظم بن کر عوامی مسائل کو حل کریں گے۔ 9 فروری کو حیدرآباد میں ہونے والا جلسہ تاریخی ثابت ہوگا، کارکنان نے جلسے میں بھرپور شرکت کی تیاریاں شروع کردی ہیں، سابق وائس چیئرمین شیر امین لاکھو کی میڈیا نمائندگان سے بات چیت۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے جوائنٹ سیکرٹری اور سابق ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین شیر امین لاکھو نے لاکھو ہاؤس پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے ملک کو تباہ و برباد کردیا ہے، عمران خان کے تمام وزرا نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، نا تجربہ کار وزرا نے پاکستان پر قرض کے پہاڑ کھڑے کردیے ہیں۔ موجودہ مہنگائی کی صورتحال نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث عام آدمی خودکشی کرنے پر مجبور ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ملک میں جب بھی خوشحالی آئی تو وہ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں آئی۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دیا۔ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی پورے ملک سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور ملک کے آئندہ وزیر اعظم بلاول زرداری ہوں گے۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں آئے گی تو روزگار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 9 فروری کو حیدرآباد میں ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ تاریخی ثابت ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے حیدرآباد جلسے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان عمران خان کو گھر بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔ جس دن بلاول زرداری نے اشارہ دیا تو پیپلز پارٹی کے کارکنان سڑکوں پر نظر آئیں گے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سٹی ٹنڈو محمد خان کے صدر معشوق علی بھٹی، ارشاد میمن ودیگر بھی موجود تھے۔