لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے سماجی برائیوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے گدھا گاڑیوں کی دوڑیں لگانے والوں کیخلاف تھانہ نوڈیرو تھانے پر 38 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، ملزمان کے قبضے سے گدھا گاڑیاں، 30 موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئیں۔ دوسری جانب تھانہ الہٰ آباد کی پولیس نے بیس سے زائد سنگین مقدمات میں ملوث و روپوش ملزم ڈھییسر ابڑو کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کیخلاف سال 2014ء سے 2020ء تک لاڑکانہ ضلع کے مختلف تھانوں پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے مذکورہ ملزم کی گرفتاری پر ایس ایچ او الہٰ آباد انسپکٹر عمران علی بھٹی کے لیے انعامات و اعزازات کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی زیر صدارت ایس ایس پی آفس میں اشتہاری و روپوش ملزمان کی گرفتاری اور ان کا گھیرا تنگ کرنے کے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک، اے ایس پی سٹی احمد فیصل چودھری، ڈی ایس پی لیگل بشیر احمد ابڑو، ریڈر راشد خان پٹھان سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے پولیس افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مقدمات میں مطلوب، اشتہاری و روپوش ملزمان کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے اور طے شدہ لائحہ عمل پر بھرپور عملدرآمد کرکے عدالتوں اور قانون سے فرار تمام ملزمان کے بینک اکائونٹس، موبائل سم، اے ٹی ایم کارڈز اور قومی شناختی کارڈز بلاک کراکے نتیجہ خیز رپورٹ پیش کی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتوں میں چلنے والے مقدمات کا سامنا نا کرنے والے ملزمان سرکار رٹ کو چیلنج کرنے والے زمرے میں آتے ہیں، ایسے ملزمان کیخلاف بھرپور ایکشن ناگزیر ہے تاکہ عدالتوں کا احترام اور سرکاری رٹ کو قائم رکھا جاسکے۔ اجلاس کے دوران نادرا کی طرف سے 50 اشتہاری و روپوش ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک کرنے کے عمل کو خوش آئند اور مثبت قرار دیتے ہوئے اس عمل کو وسیع پیمانے پر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاڑکانہ کھے وارہ تحصیل کے گاؤں ٹھ میں 16 سالہ نوجوان علی رضا خاصخیلی نے مبینہ طور پر اپنے چچا رجب خاصخیلی سے ناراض ہوکر زہریلی دوا کھا کر خودکشی کی کوشش کی، جسے ورثا کی جانب سے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج نوجوان دم توڑ گیا۔ دوسری جانب لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔