کراچی(رپورٹ: سید وزیر علی قادری) پاکستان نے جنوبی افریقاکو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر2میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، جنوبی افریقا کی طرف سے ملنے والا 88رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 27.5 اوورز میں3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے مہمان ٹیم کو میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فواد عالم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا، اسپنرز نعمان علی اور یاسر شاہ نے میچ میں 7، 7 وکٹیں حاصل کیں۔نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز جمعہ کوپاکستان نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی، قومی ٹیم نے 27.5 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے، فواد عالم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا، فواد عالم نے میچ میں خوبصوت بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں 315 منٹ میں 9 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے تھے۔ پاکستانی بولرز نے کھیل کے چوتھے دن کے ابتدائی سیشن میں بہترین فارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے بیٹسمینوں کو مشکلات کا شکار کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 245 رنز پر ڈھیر کردیا۔پاکستان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 88 رنز درکار تھے، قومی ٹیم کے اوپنرز نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور جب مجموعی اسکور 22رنز پر پہنچا تو عابد علی 2 چوکوں کی مدد سے 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہ این رچ نارٹ جی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جس کے فورا بعدعمران بٹ بھی 3 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بناکر وکٹ کیپر کپتان کوئنٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔اظہر علی اور کپتان بابراعظم نے مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں بیٹسمینوں نے ملکر اسکور کو 86 رنز تک پہنچایا لیکن بدقسمتی سے اس موقع پر کپتان بابر اعظم 6 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بناکر مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس موقع پر اظہر علی کے ساتھ فواد عالم بیٹنگ کرنے کے لئے آئے اور انہوں نے ایک بائونڈری لگا کر پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔اظہر علی 4 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 22 رنز، دوسری وکٹ 23 رنز اور تیسری وکٹ 86 رنز پر گری۔ جنوبی افریقا کے بولر این رچ نارٹ جی نے 2 جبکہ کیشیومہاراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پروٹیز اپنی دوسری اننگز میں 245رنز بناکر آئوٹ ہوگئے تھے اور انہوں نے پاکستان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 88 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کھیل کے چوتھے دن حسن علی نے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر گذشتہ روز نائٹ واچ مین کی حیثیت سے بیٹنگ کے لئے آنے والے کیشیومہاراج کو کلین بولڈ کردیا۔قومی ٹیم کے اسپن بولرز نعمان علی اور یاسرشاہ نے مہمان ٹیم کے کسی بیٹسمین کو بھی جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378اور دوسری اننگز میں 90رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقانے اپنی پہلی اننگز میں 220اور دوسری اننگز میں 245رنز بنائے۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 4فروری سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔