راولپنڈی (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کا دو روزہ دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے امیر قطر سمیت اعلی فوجی و سول قیادت سے ملاقاتیں کیں۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ )آئی ایس پی آر( کے مطابق آرمی چیف نے قطر کے احمد بن محمد ملٹری کالج میں پاسنگ آئوٹ پریڈ کا مشاہدہ کیا اور ملٹری کالج کے اعلی معیار کو سراہا۔ جنر ل قمر جاوید باجوہ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی، قطر کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی، سکیورٹی تعاون اور خطے کے سیاسی ماحول پر گفتگو کی گئی۔ قطری قیادت نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا جب کہ پاکستان اور قطر نے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ قطری قیادت کی طرف سے باہمی اسٹریٹجک نوعیت کے تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقاتوں میں مسلح افواج کے مابین دفاعی تعاون اورتعلقات پر اطمینان کا اظہار سمیت دونوں جانب سے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پرزوردیا گیا۔