نعمان علی کے ٹیسٹ کیریر کی شاندار شروعات

386

سید پرویز قیصر
بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرانے والے نعمان علی نے اپنے ٹیسٹکیریر کی شاندار شروعات کرتے ہوئے کراچی میں جنوبی افریقاکے خلاف دوسری اننگ میں 25.3 اوور میں 35 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس میچ میں انہوں نے42.3 اوور میں73 رنز دیکر7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جو پاکستان کے لئے پہلے میچ میں چھٹی سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔انکی اس شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان نے ا س ٹیسٹ میچ میں7 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی۔ جو پاکستان کی اپنے گھر پر جنوبی افریقاکے خلاف دوسری تھی۔
نعمان علی کی بولنگ کارکردگی پہلے ٹیسٹ میں کسی پاکستانی اسپنر کی دوسری سب سے اچھی کارکردگی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے لئے سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ عبدالرحمان کے پاس ہے۔ انہوں نے اسی میدان پر جنوبی افریقا کے خلاف اکتوبر2007 میں69 اوور میں210 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ وہ بھی نعمان علی کی طرح بائیں ہاتھ کے اسپن بولر تھے۔
پاکستان کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ محمد زاہد کے پاس ہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف راولپنڈی میں نومبر 1996 میں41 اوورز میں130 رنز دیکر11کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ دائیں ہاتھ کے اس تیز بولر نے پہلی اننگ میں21 اوور میں64 رنز دیکر4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعد دوسری میں20 اوور میں66 رنز دیکر7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس میچ میں پاکستان نے ایک اننگ اور 13 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان سے باہر پہلے ٹیسٹ میں سب سے اچھی بولنگ کرانے کا اعزاز دائیں ہاتھ کے تیز بولر اعزاز ٖچیمہ کے پاس ہے جنہوں نے زمبابوے کے خلاف بلاوایو میں ستمبر 2011 میں 40.1 اوور 103 رنز دیکر 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ پہلی اننگ میں انہوں نے28.4 اوور میں79 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعد دوسری میں11.3 اوور میں24 رنز دیکر اتنے ہی کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ پاکستان نے اس میچ میں 7 وکٹوںسے جیت اپنے نام کی تھی۔
محمد سمیع نے نیوزی لینڈ کے خلاف مارچ2001 میں آکلینڈ میں اپنے پہلے ٹیسٹ میں شاندار پاکستان کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 299 رنز سے جیت دلائی تھی۔ اس ٹیسٹ میں دائیں ہاتھ کے اس تیز بولر نے46.4 اوور میں106 رنز دیکر 8کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا تھا۔ انہوں نے پہلی اننگ میں31.4 اوور میں70 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعد دوسری اننگ میں15 اوور میں36 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو وکٹ بدر کیا تھا۔
دائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرانے والے شبیر احمد نے بنگلا دیش کے خلاف اگست 2003 میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا جس میں پاکستان نے7 وکٹوں سے جیت حاصل کی تھی۔اس ٹیسٹ میں انہوں نے38.4 اوور میں109 رنز دیکر8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ پہلی اننگ میں 20.3 اوور میں61 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعد انہوں نے دوسری اننگز میں18.1 اوور میں48 رنز دیکر5 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا تھا۔