لاڑکانہ، سگ گزیدگی کی ویکسین نہ ملنے پر 6 سالہ بچے کی حالت بگڑگئی

263

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں مبینہ طور پر سگ گزیدگی کی ویکسین نہ ملنے کے باعث 6 سالہ بچے کی حالت تشویش ناک ہوگئی، بچے کا محنت کش والد گھنٹوں تک ویکسین کے لیے انتظار کرتا رہا، 14 گھنٹوں کے بعد بچے کو ویکسین دی گئی۔ قنبر شہدادکوٹ ضلع کے شہر بہرام کے نواحی گا¶ں ڈرب جاڑو کے رہائشی منظور علی مگسی کا 6 سالہ بچہ ارشاد مگسی کھیلنے گیا جہاں کتے نے حملہ کرکے منہ اور جسم کے دیگر حصوں کو کاٹ کر لہولہان کردیا، جسے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات میں قائم اینٹی ربیز ویکسین سینٹر لایا گیا، جہاں مبینہ طور پر سگ گزیدگی کی ویکسین نہ ملنے پر بچے کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔ اس موقع پر منظور علی مگسی نے الزام عائد کیا کہ کئی گھنٹے بعد صرف درد دور کرنے کے لیے بیٹے کو ایک ویکسین دی گئی جبکہ دوسری ویکسین نہ ملنے کے باعث بیٹے کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔ دوسری جانب 14 گھنٹوں کے بعد زخمی بچے کو ویکسین دے کر گھر بھیج دیا گیا۔