اسلام آباد/کوئٹہ(آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری کیلیے باڑ لگانے کے ساتھ سیکورٹی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کیاجارہاہے ،صوبے میں جاری جنگ میں بھارت کے ملوث ہونے کے تھینک ٹینکس کے بیانات اور حاضر سروس کلبوشن واضح ثبوت ہیںجس کیلیے ہمیں گواہ بننے کی ضرورت نہیں،کریمہ بلوچ کے معاملے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی گئی ،کرفیو افواہ ،تدفین میں مردوں کے علاوہ خواتین نے بھی شرکت کی ،کینیڈا کاقانون دنیا کا بہترین قانون ،کریمہ بلوچ کا معاملہ وفاقی حکومت نے اٹھایاہے ،بلوچستان میں محروم اضلاع کو گیس کی فراہمی کامعاملے پر وفاقی حکومت کو پروپوزل بھیجاہے ،سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے ہوں تو سیاسی جماعتوں کی افادیت میں اضافہ ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سپریم کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جام کمال نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کھلے عام پیسہ چلتا ہے لیکن بدنام بلوچستان والوں کو کیا جاتا ہے۔ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لیے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز کی حمایت کی، بلوچستان عوامی پارٹی کی حال ہی میں ایک خاتون سینیٹر منتخب ہوئی۔کوئی پیسہ نہیں چلا ہم ہارس ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک ہزارہ برداری کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے لیکن کوشش کررہے ہیں بہت جلد کامیابی ہوگی۔