کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان نے جنوبی افریقاکے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فواد عالم کی عمدہ سنچری کی بدولت اپنی پوزیشن مستحکم کر لی اور 8وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بنا لئے ۔گرین شرٹس نے جنوبی افریقا پر پہلی اننگز میں88رنز کی برتری حاصل کر لی ۔پاکستان کی جانب سے فواد عالم109،فہیم اشرف64،اظہر علی51اور محمد رضوان 33رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک حسن علی11جبکہ نعمان علی6رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیدی،ربادا، کیشپ مہاراج اورنورٹیج نے 2،2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔بدھ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 33رنز 4 کھلاڑی آئوٹ سے دوبارہ شروع کی۔دن کے آغاز میں فواد عالم اور اظہر علی دونوں نے محتاط انداز اپنایا اور ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی بولرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔پہلے سیشن کے دوران جنوبی افریقا کو ایک وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔91کے مجموعی اسکور پر کیشپ مہاراج کی بولنگ پر گیند فواد عالم کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں گئی لیکن ڈین ایلگر کیچ لینے میں ناکام رہے۔اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے مہمان ٹیم کو کوئی موقع نہ دیا اور پہلے سیشن میں کوئی بھی وکٹ نہ گرنے دی۔کھانے کے وقفے کے بعد اظہر علی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن کیشپ مہاراج کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔اظہر نے آئوٹ سے قبل فواد کے ہمراہ5ویں وکٹ کیلیے 94رنز کی شراکت قائم کی۔ دوسرے اینڈ پر فواد عالم ڈٹے رہے اور انہوں نے بھی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد محمد رضوان کے ہمراہ 55رنز جوڑے، رضوان 33رنز بنانے کے بعد لنگی نگیدی کا شکار بنے۔فواد عالم اور فہیم اشرف نے ٹیم کو خسارے نکالتے ہوئے برتری دلا دی اور فواد نے مہاراج کو چھکا لگا کر اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔ پاکستان کو بڑا نقصان 278رنز کے مجموعی اسکور پر ہوا جب سیٹ بیٹسمین فواد عالم 109رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ دوسرے دن پاکستان کی آخری وکٹ295رنز پر گری جب فہیم اشرف64رنز بنا کر آئوٹ ہویے۔