ٹھٹھہ، چلیا پوائنٹ پر لینڈ مافیا کا قبضہ ، کئی سو ایکڑ زمین ہتھیا لی

209

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)سندھ کی تاریخی کینجھرجھیل کے چلیا پوائنٹ والے حصے میں لینڈ مافیا کا قبضہ غیر مقامی بااثر لینڈ مافیا کی جانب سے پکنک پوائنٹ کے نام سے بورڈ لگا کر کئی سو ایکڑ زمین ہتھیا لی ۔سینچری اور رامسر سائیڈ قرار دی جانے والی جھیل کینجھر جھیل کے کنارے غیر قانونی قبضہ کرکے تفریح پوائنٹ اور ہائوسنگ اسکیم شروع کرنے کی تیاری شروع، کینجھر بچائو ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں آدم گندرو، ارشاد عمر گندرو،انیس ہیلایو،ایوب ملاح، عبدالحکیم گندرو،ارباب کھمن سموں اور فقیر رفیق منچھیری ودیگر نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سے ملاقات کرکے ان کو بتایا کہ تاریخی کینجھر جھیل کنارے پر غیر قانونی طور پر ہونے والے بااثر افراد کے قبضے سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی ٹھٹھہ عثمان تنویر نے وفد کو غیر قانونی قبضہ خالی کرانے کی یقین دہانی کرائی اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، سائن بورڈہٹانے، تعمیراتی کام بند کرانے ،اے سی ٹھٹھہ اور مختار کار ٹھٹھہ کو حکم دے دیا تھا مگر ڈی سی ٹھٹھہ کے حکم پر عمل درآمد نہ ہوسکا۔ دوسری جانب پریس کلب مکلی میں کینجھر بچائو ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں ڈاڈا آدم گندرو، ارشاد عمر گندرو،انیس ہیلایواور عبدالحکیم گندروو دیگر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کینجھر جھیل ہزاروں ماہی گیروں کے روزگار کا وسیلہ ہے جس کے چاروں طرف قبضے کے ساتھ اب چلیا کے قریب جھیل کے کنارے بااثر افراد قبضہ کرکے تعمیراتی کام بھی کرارہے ہیں اور سائن بورڈز بھی لگ گئے ہیں جوکہ ماہی گیروں سے بڑی زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینجھر جھیل پر قبضہ بالکل برداشت نہیں کریں گے ۔ڈی سی ٹھٹھہ سے ملاقات میں تمام معاملات بتائے گئے انہوں نے اے سی ٹھٹھہ اور مختار کار ٹھٹھہ کو قبضہ خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کینجھر جھیل پر بااثر افراد کے قبضے فوری ختم کرائے جائیں ورنہ بدھ کے روز سے پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔