کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے علاقے لورالائی میں زمینی تنازع پرفائرنگ کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق لورالائی کے علاقے کلی پھوٹی خدرزئی میں زمین کے تنازعے پر دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس میں نور محمد ولد نذر اور غلام رسول ولد حاجی سر جاں بحق ہوگئے ۔لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اسپتال منتقل کردیں ۔جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں ۔ لیویز نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ۔دوسری جانب بلوچستان کے علاقے بارکھان میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات بر آمد کرلی ،جبکہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس کے مطابق بارکھان میں رکنی کے مقام پر ایک گاڑی روکی تلاشی لینے پر گاڑی میں چھپائے گئی 8 کلو گرام چرس بر آمد کرلی ۔پولیس نے گاڑی اور منشیات قبضے میں لے کر دو ملزمان راشدساکن مظفرگڑھ اور پرویز حسین سکنہ ضلع مظفرگڑھ کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔