جاپان سکھر میں موسمیاتی ریڈار کیلیے 3 ارب روپے عطیہ کریگا

345

اسلام آباد (اے پی پی) جاپان سکھر میں موسمیاتی ریڈار کی تنصیب کے لیے 3.078 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کرے گا، اس ضمن میں معاہدے پر پیر کو وزارت اقتصادی امور میں دستخط کر لیے گئے۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اقتصادی امور کے سیکرٹری نور احمد اور پاکستان میں جاپان کے سفیر مستودہ کونی نوری نے معاہدے پر دستخط کیے۔ ریڈار کی تنصیب سے موسم کے حوالے سے بروقت اطلاعات کے حصول میں مدد ملے گی جس سے قدرتی آفات پر قابو پانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا جبکہ قدرتی آفات سے نقصانات کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد نے اس موقع پر کہا کہ جاپان اس سے پہلے بھی عام شہروں میں موسمیاتی ریڈار نصب کر چکا ہے۔ جاپان کی اقتصادی معاونت نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے ریڈار کی تنصیب میں معاونت پر جاپانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔