سکھر،سیوریج کا نظام مفلوج جگہ گجہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے

1075

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ کے تیسرے بڑے شر سکھر میں رہائشی و کاروباری مراکز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث جگہ جگہ گندگی ڈھیروں اور نکاسی آب سسٹم مفلوج ہوجانے کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد شریف بندھانی نے اپنے دفتر میں شہریوں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ عبدالغفار عرف پپی، فہیم بندھانی ودیگر موجود تھے۔ اس موقع پر حاجی محمد شریف بندھانی کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بلدیاتی دور کے اختتام کے بعد ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی پر شہریوں نے امید باندھی تھی کہ شہر میں صفائی کا نظام بہتر ہوگا لیکن بلدیاتی دور سے زیادہ اب شہر کا بیڑا غرق ہوگیا ہے، ایسا لگتا ہے سرکاری افسران کو شہر اور شہریوں کو درپیش بلدیاتی مسائل حل کرانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ شہرمیں جمع گندگی کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن کی وجہ وبائی امراض و بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، صفائی کا عملہ سیاسی اور سرکاری افسران کے بنگلوں پر ڈیوٹیاں دے رہا ہے لیکن شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ و دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کی یونین کمیٹی 2 میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کیخلاف علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد نے پاکستان تحریک انصاف سٹی سکھر کے رہنماؤں پرویز راجپوت و علاقہ معززین کی قیادت میں بلدیہ اعلیٰ اور سکھر کے منتخب نمائندگان کیلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیہ اعلیٰ سکھر اور محکمہ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی مسلسل نااہلی کی وجہ سے علاقے میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جمع ہیں۔ نالیوں اور گٹروں کا گندا پانی سڑکوں پر جمع ہے، شکایت کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں، افسران اپنے دفاتروں میں بیٹھ کر سب ٹھیک ہے کا راگ الاپ رہے ہیں لیکن انہیں شہری مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ صفائی، ستھرائی کے ناقص انتظامات و ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے علاقہ مکین شدید پریشان حال زندگی بسر کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے حکام بالا سے نوٹس لے کر علاقے میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔