پنجاب میںلوٹ مار کی وارداتوں پر پرویز الٰہی وزیر قانون پر برس پڑے

308

لاہور(خبر ایجنسیاں) اسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے امن وامان کی صورتحال پر راجا بشارت کو کھری کھری سنا دیں، انہوں نے کہا کہ وزیر قانون سکون سے بیٹھے ہیں جبکہ ڈاکو بسوں کی بسیں لوٹ کرآرام سے نکل جاتے ہیں، ڈاکووَں کے ہاتھوں لوٹنے والوں کی کوئی دادرسی نہیں کی جاتی، آرپی او اور ڈی پی او کو پنجاب اسمبلی طلب کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اسمبلی اجلاس میں پنجاب میں امن وامان کی صورتحال پربرہم ہوگئے۔ انہوں نے وزیر قانون راجا بشارت کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ 40 سال ہوگئے میں نے ایسی امن وامان کی بدترصورتحال کبھی نہیں دیکھی۔ آپ سکون سے بیٹھے ہیں ڈاکو بسوں کی بسیں لوٹ کرآرام سے نکل جاتے ہیں۔ڈاکووَں کے ہاتھوں لوٹنے والوں کی کسی جگہ پر دادرسی نہیں کی جارہی۔انہوں نے کہا کہ ہدایت کرتا ہوں کہ وزیر قانون راجا بشارت صاحب پنجاب میں لاء اینڈ آرڈر کے معاملات کو سنجیدہ لیں۔ آرپی اواور ڈی پی او کو پنجاب اسمبلی بلائیں۔