سیاحت کے فروغ کیلیے میڈیا کا وفد اسکردو سے گلگت پیدل پہنچ گیا

370

گلگت (اے پی پی)گلگت بلتستان میں سرمائی سیاحت کے فروغ کے لیے5رکنی وفد اسکردو سے پیدل گلگت پہنچ گیا،بلتستان کے صحافیوں پر مشتمل ٹیم 9دن پہلے اسکردو سے نکلی تھی جوکہ 206 کلو میٹر فاصلہ پیدل طے کرکے گلگت پہنچیں۔گلگت آمد پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں گلگت پریس کلب کے ارکان بھی شامل تھے نے اس وفد کا شاندار استقبال کیا اور ونٹر ٹورزم کے فروغ کے لیے ان کی اس کاوش کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر سینٹرل پریس کلب گلگت کے نائب صدر امتیاز علی سلطان ودیگر صحافیوں نے ان کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیم بلتستان کی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ سخت سردی اور دشوار گزار راستے سے پیدل سفر پرعزم اور ہمت کی اعلیٰ مثال ہے اور بہت جلد اس مہم کے مقصد کا حصول ممکن ہو جائے گا۔ اس موقع پر سرمائی سیاحت کے فروغ کے لیے پیدل سفر پر نکلنے والا قافلہ “ٹیم بلتستان” کے اراکین نے گلگت سینٹرل پریس کلب ، محکمہ سیاحت سمیت دیگر عوامی و سماجی حلقوں کا شکریہ ادا کیا۔