پیپلزپارٹی نہیں مولانا کی فکر ہے، وہ بند گلی میں پہنچ گئے، شیخ رشید

252

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے کوئی فکر نہیں (ن)لیگ کی وہ اپنا مسئلہ خود سیٹ کر لیں گے، مجھے کوئی فکر نہیں ہے پیپلز پارٹی کی وہ اپنے مسئلے سیٹ کرنے کے ماہر ہیں، مجھے مولانا فصل الرحمن کی فکر ہے وہ بند گلی میں جارہے ہیں،کراچی میں فضل الرحمن اور غفور حیدری نے جو تقاریر کی ہیں میں انہیں معاف کرتا ہوں۔راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشیدنے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور شرافت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کس بات پر اسرائیل کی ریلیاں نکال رہے ہیں، آئیں فضل الرحمن ، ختم نبوت پر میں اکٹھا جلسہ کرنے کو تیار ہوں، آئیں فضل الرحمن ہم اسرائیل کے خلاف اکٹھا جلسہ کرنے کو تیار ہیں لیکن اس میں عمران خان کا نعرہ بھی لگے گا ۔انہوں نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ ہم اسرائیل کو تسلیم کرنے جارہے ہیں تو یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ساتھ ہی شیخ رشید نے کشمیر کے لیے فضل الرحمن کو ساتھ اکٹھا جلسہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے جو کام عمران خان نے اقوام متحدہ اور دنیا بھر میں کیا ہے وہ آپ نہیں کرسکے۔