جلسے جلوسوں سے کچھ نہیں ہوگا، عدم اعتماد واحد طریقہ ہے، شیخ رشید

187

لاہور(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کیس میں جو بھی قصور وا ر ہو اسے پھکی ملنی چاہیے۔ جسٹس (ر) عظمت سعید پر اعتراض ہے تو کیا جسٹس (ر)قیوم اور جسٹس (ر) افتخار چودھری کا نام دے دیں، بلاول زرداری سمجھ دار اور بالغ ہوگئے ہیں، جلسے جلوسوں سے کچھ نہیں ہوتا،عدم اعتماد ہی واحد طریقہ ہے، الیکشن کمیشن کے باہر کی طرح پی ڈی ایم سے تعاون کو تیار ہیں، اگر وہ الیکشن کمیشن کی طرح ہمارے ساتھ تعاون کریں، اپوزیشن سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے، بہت اچھی بات ہے، حکومت اسرائیل کو تسلیم کررہی ہے نہ ختم نبوت پر کوئی اقدام کر رہی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان سے کوئی پیچھے نہیں ہٹ رہا، سینیٹ کے الیکشن میں تحریک انصاف کی ایک آدھی سیٹ بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری بات ریکارڈ کر لیں کہ جو لوگ یہ سوچے بیٹھے ہیں کہ عمران خان اس لیے جا رہا ہے سپریم کورٹ میں تاکہ ووٹ نہ کم ہوں تو پنجاب میں سیٹ کم ہونے کے بجائے ایک سیٹ بڑھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمن ویسے ہی ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، وہ خراب ہوں گے، میں سمجھتا ہوں کہ فضل الرحمن نے اسرائیل، کشمیر، ختم نبوت کے نام پر اس قوم کا بڑا وقت ضائع کیا ہے، اس ملک میں کسی کی جرأت ہے کہ وہ ان چیزوں کے خلاف ہو سکے۔ایف آئی اے سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، ایف آئی اے کوفعال بنانے جارہے ہیں۔ نادرا، ایف آئی اے کا ادارہ بہترہونے میں وقت لگے گا، شہبازشریف کا کیس سنجیدہ ہے، کیس میں شہادتوں پر انحصار ہوگا، پی ڈی ایم والے وفا کریں گے تووفا کریں گے ستم کریں گے توستم کریں گے۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ پانامہ ٹو بننے جارہا ہے، ایک ماہ کے اندر اندر بہت کچھ کھل کر سامنے آجائے گا اور اربوں روپے نیب میں جمع کرانے اور پھر سپریم کورٹ کے ذریعے واپس لینے والیبے نقاب ہونے جارہے ہیں۔شیخ رشید نے قرار دیا کہ سیاست دلچسپ مرحلے میں داخل ہونے جارہی ہے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت کے اپنی تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور سینیٹ انتخابات میں حکومت اتحاداضافی سیٹ حاصل کرے گا۔