اسلام آباد(اے پی پی )عدالت عظمیٰ نے پرنسپل سیٹ اسلام آباد کے لیے آئندہ عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری کر دی ہے ۔ ہفتے کو عدالت عظمیٰ سے جاری ججز روسٹر کے مطابق عدالت عظمیٰ کے مختلف ججز پر مشتمل 5 مختلف بینچ تشکیل دیے گئے جبکہ جاری کردہ
کاز لسٹ کے مطابق جعلی بینک اکائونٹس کیس میں ملوث پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف دائر 4 نیب ریفرنسز کراچی منتقل کرنے کے لیے دائر درخواست ، امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں اور بھارت میں پاکستانی ہندوئوں کے قتل کیخلاف دائر درخواست پر سماعت 27 جنوری بروز بدھ ہو گی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی کے لیے دائر نظرثانی درخواست اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف دائر اپیل پر سماعت جمعرات28جنوری کو ہوگی۔ محکمہ تعلیم سندھ میں بھرتیوں کے خلاف دائر 237 درخواستوں پر سماعت جمعہ 29جنوری کو ہوگی۔