لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ پیٹرول اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور، عوام حکمرانوں کو گریبان سے پکڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔
تنظیمی دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام کو حکمرانوں کے اس ٹولے سے نجات کے لیے جدو جہد کرنی ہو گی، عوام کے خلاف ظالم و کرپٹ اشرفیہ، جاگیرداروں اور وڈیروں نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ تین، تین بار حکومت کر چکی ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو بھی ڈھائی سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے۔ ملک میں حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہیں لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں عوام کو ریلیف پہنچانا شامل نہیں، سندھ اور وفاق آپس میں دست و گریبان ، کراچی جیسے شہر کا کوئی پرسان حال نہیں،جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔
سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، آج شہر قائد کی چند بڑی سڑکوں کے علاوہ پورا شہر کھنڈرات بن چکا ہے، جو حکومت کچرا نہ اٹھا سکے وہ عوام کے دیگر مسائل کیا حل کرے گی؟