جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پرچی والے شہزادے نے بھانپ لیا حکومت پریشان نہیں، پرچی والے شہزادے نے آصف زرداری کے کہنے پر قلابازی کھائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پہلے استعفوں کی دھمکی پھر لانگ مارچ کی اور اب ان ہاؤس تبدیلی کی بات کررہے ہیں، اپوزیشن ایک دوسرے کو دھوکا دے رہی ہے ،جعلی راجکماری فوٹو شوٹ کرانے کے بہانے تلاش کررہی ہیں،تحریک عدم اعتماد کے لیے پہلے آپس میں اعتماد پیدا کریں۔
انہوں نے مزید کہاکہ لانگ مارچ غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوکر مزید لانگ ہوگیا،بلاول نے تسلیم کیا کہ 10جلسے بھی حکومت کا کچھ نہیں بگاڑسکے، تاریخ پر تاریخ دینا پی ڈی ایم کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ فضل الرحمن کی سیاست صرف اقتدار کے گرد گھومتی ہے،مولانا مدرسے کے طلبہ کو استعمال کرکے دیہاڑی حلال کررہے ہیں،پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ ملے گا،مہنگائی کے خاتمے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔