ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) محکمہ تعلیم کی جانب سے بنائی بائیو میٹرک ٹیم کے جنگ شاہی کے اسکولوں پر چھاپے کافی اساتذہ اسکولز سے غیر حاضر غیر حاضر اساتذہ کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، چیف مانیٹرنگ آفیسر۔ محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے بنائے گئے بائیو میٹرک کے چیف مانیٹرنگ آفیسر رضا سومرو نے ٹیم کے ہمراہ بوائز ہائی اسکول اور گرلز ہائی اسکول جنگ شاہی سمیت مین پرائمری اسکول کا اچانک دورہ کیا، جس کی وجہ سے جنگ شاہی کے تمام اسکولوں کے اساتذہ سمیت اسٹاف میں کھلبلی مچ گئی۔ جنگ شاہی کے بوائز ہائی اسکول سے 7 اور گرلز ہائی اسکول سے 10 اساتذہ غیر حاضر تھے، ٹیم جب گرلز ہائی پہنچی تو ٹیم نے گرلز ہائی اسکول کا گیٹ بند کروا دیا تھا، ٹیم کا سن کر اساتذہ گیٹ پر پہنچے مگر گیٹ بند ہونے کی وجہ سے متعدد اساتذہ غیر حاضر قرار دیے گئے۔ اس موقع پر چیف مانیٹرنگ آفیسر رضا علی سومرو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غیر حاضر مرد و خواتین اساتذہ کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور رپورٹ سیکرٹری تعلیم، صوبائی وزیر تعلیم کو بھیجی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گھوسٹ اساتذہ کئی سال سے اسکول سے غائب ہیں، جس کی وجہ سے معصوم بچیوں کی تعلیم تباہ ہورہی ہے، ان کیخلاف انکوائری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ کے کافی اسکول بند پڑے ہیں، جن کو جلد کھلوا کر تعلیم کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے اساتذہ کو کہا کہ وہ اپنی ذمے داری اچھے طریقے سے اپنا فرض سمجھتے ہوئے ادا کریں، کوتاہی برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔