لاڑکانہ، زمینی تنازع پر دو برادریوں میں جھگڑا ، ایک شخص قتل

467

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) جیکب آباد ضلع کی تحصیل گڑھی یاسین کے تھانہ محمد پور کی حدود میں چاچڑ اور ملگانی برادری کے دو گروہوں میں جاری زمینی تنازع پر مسلح فراد نے ہوٹل پر حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں زوار ملگانی موقع پر دم توڑگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر تین افراد نیاز ملگانی، نذر محمد اور راحب ملگانی شدید زخمی ہوئے، جنہیں ورثا کی جانب سے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نیاز ملگانی دم توڑ گیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ لاڑکانہ پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو گرفتار کرکے موٹرسائیکل اور ماسٹر چابی برآمد کرلی جبکہ تین ملزمان فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ رحمت پور کی حدود لوہی پل پر پولیس کا چار جرائم پیشہ افراد سے مقابلہ ہوا جس میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار موٹرسائیکل اور ماسٹر چابی برآمد کرلی گئی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سادات شاہ ولد شاہ محمد شاہ سکنہ کوٹ بنگلہ ضلع خیرپور میرس کے طور پر ہوئی ہے جبکہ فرار تین ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپا مار ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں جنہیں تمام جلد گرفتار کیا جائے گا، گرفتار ملزم تھانہ اللہ آباد اور تھانہ ہٹڑی غلام شاہ سمیت مختلف تھانوں میں مطلوب ہے، دوسری جانب گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کیا گیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ لاڑکانہ میں پولیس مقابلہ، پولیس اہلکار زخمی، اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ سول لائین کی حدود لاہوری محلہ میں دوران چیکنگ روکنے کے اشارے پر ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں فرائض سرانجام دیتے ہوئے شہر کے غریب آباد کا رہائشی پولیس اہلکار عاشق حسین پھل زخمی ہوا، اطلاع پر بھاری تعداد میں پولیس نفری نے پہنچ کر علاقے میں سرچ آپریشن کیا اور زخمی اہلکار کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس جوانوں کو شاباشی دی اور ملزمان کو منطقی انجام تک پہچانے کے لیے ایس ایچ او سول لائن انسپکٹر عبدالغفور چھٹو کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ملوث ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ قنبر شہر کے برڑا محلے میں 5 سالہ بچی فاطمہ برڑو گرم پانی میں گرنے کے نتیجے میں جھلس کر شدید زخمی ہوگئی جسے ورثا کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔