لسبیلہ (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ جناب شیخ رشید احمد کی ہیڈ کوارٹرز پاکستان کوسٹ گارڈ آمد۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہیڈ کوارٹرز پاکستان کوسٹ گارڈز کا دورہ کیا ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز نے وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا وفاقی وزیر داخلہ نے یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی وفاقی وزیر داخلہ کی آمد پر انہیں پاکستان کوسٹ گارڈز کے پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی گئی جس میں کوسٹ گارڈز کی ذمے داریاں نبھانے اور اسمگلنگ خصوصاً انسداد منشیات کی روک تھام کے لیے کی گئی کوششوں کا ذکر کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو پاکستان کوسٹ گارڈز کی تربیتی امور اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات اور پکڑی گئی منشیات، شراب اور دیگر جنرل آئٹمز کی تفصیلات بھی بتائی گئیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی، جوانوں کے بلند عزم، حوصلہ اور کوششوں خصوصاً انسداد منشیات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز زمین اور سمندر میں بیک وقت اپنے فرائض سرانجام دینے والی اس فورس کا نہ صرف زمانہ امن بلکہ کسی بھی جنگی صورت حال میں ایک اہم کردار ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے پاکستان کوسٹ گارڈز کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔